تاجروں نے بھی بجلی کے معاملے پرکل سڑکوں پرآنے کا اعلان کردیا

260
the issue of electricity

اسلام آباد: بجلی کے معاملے پر تاجروں نے بھی سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا، بجلی سپلائی کمپنیوں نے نئے ظلم کا آغاز کر دیا ہے، بجلی سپلائی کمپنیاں بند کرکے واپڈا کو بحال کیا جائے۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ کل بروز منگل سہ پہر 3 بجے اسلام آباد کے تاجر آئیسکو کے خلاف آبپارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آبپارہ مارکیٹ میں صبح 7 بجے سے بجلی بند ہے اور آئیسکو بجلی فراہم کرنے سے انکاری ہے، جبکہ بجلی سپلائی کمپنیاں بجلی کی مسلسل فراہمی کی پابندی ہیں۔

اجمل بلوچ نے سوال کیا کہ آئیسکو جنرل کمرشل ٹرانسفارمر مرمت کرانے سے انکاری کیوں ہے، وزیراعظم آئیسکو کے اس رویے کا نوٹس لیں۔ٹرانسفارمر مرمت کا قانون آئیسکو نے از خود بنا رکھا ہے، تاجروں میں بجلی کا بل جمع کرانے کی سکت نہیں ٹرانسفارمر کہاں سے مرمت کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی کا خریدار تاجر ہے، ہم پہلے ہی بجلی بنانے والی کمپنیوں کے معاہدوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ بجلی سپلائی کمپنیوں نے نئے ظلم کا آغاز کر دیا ہے، تاجر کسی صورت ٹرانسفارمر مرمت نہیں کرائیں۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران نے مطالبہ کیا کہ بجلی سپلائی کمپنیاں بند کرکے واپڈا کو بحال کیا جائے۔