جماعت اسلامی کا دھرنا، پولیس نے خواتین کو راولپنڈی جانے سے روک دیا، بسیں ضبط

325

 لاہور: جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کے لیے آنے والے خواتین کے قافلے کو روک دیا گیا، خواتین نے ملتان روڈ لاہور پر ہی دھرنا دے دیا۔

امیر جماعت اسلامی حلقہ غربی لاہور عبد العزیز عابد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی ، پنجاب پولیس اسٹیٹ بن چکی ہے۔

جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق پولیس نے جماعت کی خواتین کو راولپنڈی جانے سے روک دیا، پولیس خواتین کی بسیں تھانے لے گئی۔

ترجمان جماعت اسلامی نے بتایا کہ پولیس نے خواتین کو زبردستی اتار کر بسیں تھانہ چوہنگ میں بند کر دیں۔ بعد ازاں خواتین نے ملتان روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے خواتین کارکنوں کو روکنے کی حکومتی کوششوں پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی بزدلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے خواتین کارکنان سے بدسلوکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس ریاست بن چکی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے، احتجاج ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے، پولیس ہماری بسیں واپس کرے، حکومت پنجاب خواتین کے لیے راولپنڈی دھرنے میں شرکت کے لیے رکاوٹیں کھڑی نہ کرے۔