کیلیفورنیا میں آتشزدگی ، چین میں طوفان ، ہزاروں افراد انخلا پر مجبور

419
کیلیفورنیا کے جنگلات میں آتش زدگی سے دھویں کا بادل بن گیا ہے

واشنگٹن ؍ بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگنے والی آگ خشک اور گرم موسم کے باعث تیزی سے پھیل کر ہزاروں گھروں کے لیے خطرہ بن گئی۔ پارک فائر سے اب تک 130 سے زیادہ مکانات اور عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ ہزاروں افراد کی جان کو خطرے کا سامنا ہے ،جس کے تناظر میں 4کاؤنٹیوں کو خالی کرانے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ آگ 967 مربع کلومیٹر تک پھیل چکی ہے اور شمال و مشرق کی سمت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ 21 مربع کلومیٹر فی گھنٹہ کے لحاظ سے پھیل رہی ہے۔ پولیس نے ایک 42 سالہ شخص کو آگ بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ امریکا کے مغربی علاقے اور کینیڈا میں دیگر علاقے بھی آگ سے متاثر ہوئے ہیں۔ اوریگون ریاست کے مشرق میں ایک چھوٹے طیارے میں ایک ہواباز کی لاش ملی ہے۔ یہ طیارہ مغربی ریاستوں میں پھیلے ایک جنگل میں آگ بجھانے کے دوران میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ دوسری جانب سمندری طوفان گیمی چین کے صوبے فوجیان میں تباہی مچانے کے بعد کمزور پڑنے لگا، جب کہ فوجیان میں شدید بارش کے باعث 30 ہزار سے زیادہ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ طوفان گیمی کی وجہ سے تائیوان اور فلپائن میں بڑے پیمانے پر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد اموات کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ سمندری طوفان گیمی فلپائن کے بعد تائیوان کے ساحل سے ٹکرایا تھا، جس کے باعث شدید بارش شروع ہوگئی تھی۔ طوفان 240 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار کی ہواؤں سے تائیوان کے شمال مشرقی ساحل سے ٹکرایا تھا۔طوفان سے قبل ساحلی علاقوں سے 8 ہزار سے زائد افراد کا انخلا کرالیا گیا تھا۔ متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے تھے۔ طوفانی لہروںسے فلپائن میں ایک آئل ٹینکر بھی ڈوب گیا تھا،جس میں 1500ٹن تیل موجود تھا۔