ڈپٹی کمشنر سکھر نے بیکری آئٹم کے لیے نرخ نامہ جاری کردیا

160

سکھر(نمائندہ جسارت )ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے اشیاء پر ضابطہ اور منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام قانون 1977 اور سندھ ضروری اشیاء کی قیمتوں پر ضابطہ اور منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام قانون ، 2005 (2008 اور 2023 میں ترمیم شدہ) کے قانون کے تحت ‘A’ اور ‘B’ کیٹیگری کی بیکری اشیاء کے نئے نرخوں کا حکم نامہ جاری کردیا ہے جو کہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، حکم نامہ کے مطابق، ‘اے’ کیٹیگری کی بیکریاں وہ ہیں جن کے علیحدہ کچن، گودام ہیں اور مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہیں، اور 50 سے زیادہ بیکری آئٹمز فروخت کر رہی ہیں، جب کہ دیگر تمام بیکریوں کو ‘B’ کیٹیگری کی درجہ بندی میں شامل کیا گیا ہے۔” ڈسٹرکٹ کنٹرولر آف پرائس اینڈ سپلائیز کی حیثیت سے ڈپٹی کمشنر سکھر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز سکھر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام مارکیٹوں میں ریٹ لسٹ کی نمایاں نمائش کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی کو ہدایت کی ہے کہ معیار اور قیمت کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کریں اور متعلقہ قوانین اور قواعد کے تحت نوٹیفائیڈ ریٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔