کراچی دنیا کے غیر محفوظ شہروں میں دوسرے نمبر پر

99

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) فوربس ایڈوائزر کی درجہ بندی میں وینزویلا، پاکستان اور میانمار کے شہروں کو سیاحوں کے لیے خطرناک ترین مقامات کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فوربس نے سال2024ءکے لیے دنیا کے 10 سب سے زیادہ خطرناک شہروں کی فہرست جاری کی ہے جس میںپہلے نمبر پر وینزویلا کا شہر کراکس ہے۔ دوسرے نمبر پر پاکستان کا معاشی حب کراچی ہے جس کا اسکور 93.12 رہا جب کہ اول نمبر پر آنے والے شہر کراکس کا اسکور 100 ہے اسی طرح 91.67 اسکور کے ساتھ، تیسرے نمبر پر میانمار کا شہر ینگون ہے۔ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر نائیجیریا کا لاگوس، پانچویں پر فلپائن کا منیلا، چھٹے پر بنگلادیش کا ڈھاکا، ساتویں نمبر پر کولمبیا کا بگوٹا، آٹھویں پر مصر کا قاہرہ، نویں پر میکسیکو اور دسویں پر ایکواڈور کا کیوٹو ہے۔ خیال رہے کہ یہ فہرست کسی بھی شہر کی درجہ بندی وہاں ہونے والے 7 بڑے خطرات جرائم، ذاتی تحفظ، صحت، بنیادی ڈھانچہ، قدرتی آفات اور ڈیجیٹل سیکورٹی کی بنیاد پر کی جاتی ہے اور ایک سے 100 تک اسکور دیا جاتا ہے۔ اس کے برعکس جو شہر کم سے کم اسکور حاصل کرپائے انہیں محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا جن میں سنگاپور سرفہرست ہے‘ دوسرے نمبر پر ٹوکیو اور تیسرے پر ٹورنٹو ہے۔