سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے تاجر دوست اسکیم پر تاجروں کے ساتھ مشاورت کے نام پر اجلاس منعقد کرنے کے باوجود محکمہ ایف بی آر کی جانب سے ایس آر او جاری کر کے تاجروں کی تجاویز کے برخلاف تاجر دوست اسکیم کا نفاذکسی بھی صورت قبول نہیں، جبری طور پر مسلط کردہ فیصلے صنعت و تجارت اور کاروبار کے لیے تباہی و بربادی کے علاوہ کچھ نہیں، تاجر دوست اسکیم کے نام پر حکومت اور ایف بی آر تاجر دشمن پالیسی پر گامزن ہے، اس طرح کے معیشت دشمن اقدامات سے انتہائی بھیانک اثرات مرتب ہوں گے، محکمہ ایف بی آر فوری طور پر جاری کردہ ایس آر کو واپس لے کر تاجروں کی مشاورت سے آسان ٹیکس نظام متعارف کرائے، بصورت دیگر اس کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا اور احتجاجی مظاہروں، بھوک ہڑتالوں سمیت ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتالیں بھی کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تاجروں کے نمائندہ وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔ حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کی جانب سے بجلی کے بلوں میں بھی ماہانہ انکم ٹیکس ادا کرنے کے باوجود محکمہ ایف بی آر نے تاجر دوست اسکیم کے تحت ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی صنعت و تجارت و کاروبار تباہ کرنے کے لیے اقدامات اُٹھائے ہیں۔