لاہور (نمائندہ جسارت) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو دنیا دیکھ رہی ہے،آپ نے بانی پی ٹی آئی کو 14 ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے اس سے کیا فرق پڑا،بلے کا نشان چھینا گیا، کیسے کیسے نشانات دیے لیکن پھر بھی لوگوں نے ووٹ دیے،جسے ڈیجیٹل دہشتگردی کہہ رہے ہیں یہ پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں ہو رہی ہے، عوام ملٹری کے خلاف مہم سے دور رہیں، جو باہر بیٹھ کر عوام کو اداروں سے لڑانا چاہتے ہیں ہمیں اس مہم کا حصہ نہیں بننا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سننے میں آرہا ہے کابینہ میٹنگ میں پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے کو اٹھایا جا رہا ہے، نواز شریف اور آصف زرداری آج تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے ہیں، جو رکن ان دونوں کے ساتھ کھڑا ہے وہ مستقبل کی سیاست میں نظریں نہیں ملا سکے گا۔ انہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت مظلوم ہیں، عوام ان کے ساتھ ہیں۔انہوںنے کہا کہ ڈیجیٹل دہشت گردی پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں پاکستان مخالف لوگوں کی طرف سے ہو رہی ہے، پاکستان کو استحکام کی طرف لے جانا ہے، بانی پی ٹی آئی کے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔