سمندری ہوائیں چلنے سے کراچی کا موسم بہتر ہوگیا، درجہ حرارت بھی کم

90
Rain and hail

کراچی:شہر قائد میں سمندری ہواؤں کے چلنے سے گرم موسم کی شدت کم ہو گئی اور درجہ حرارت بھی گر گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز کراچی میں زیادہ تر وقت مطلع  جزوی یا مکمل طور پر ابر آلود رہا۔ سمندری ہوائیں دن بھر چلتی رہیں جن کی رفتار 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جب کہ درجہ حرارت 1.7 ڈگری کم ہوکر 32.6 تک پہنچ گیا

ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق اگلے 2 سے 3 دن کے دوران شہر کا موسم زیادہ ترابرآلود اور مرطوب رہنے کے ساتھ بوندا باندی، ہلکی بارش کا امکان ہے۔  جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 تا 34 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

شہر میں سمندری ہوائیں بدستور بحال رہنے کا امکان ہے، صوبے کے دیگراضلاع میں موسم گرم اورانتہائی مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم تھرپارکر، سجاول، ٹھٹھہ اوربدین کے اضلاع میں بھی ہلکی بارش اوربونداباندی کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفرازکے مطابق 30 جولائی سے 2 اگست کے دوران موسم سون سسٹم کے تحت درمیانی سے تیزبارشیں ہونے کا امکان ہے جبکہ ایک اور سسٹم 5 سے 7 اگست کے درمیان متوقع ہے۔ اس حوالے سے مزید پیش گوئی سسٹمز کے قریب آنے پرزیادہ بہترطورپر کی جاسکے گی تاہم جولائی کے مقابلے میں اگست کے مہینے میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔