تحریک انصاف کی ویب سائٹ سے پاک فوج کے سربراہ کے خلاف باتیں کی جا رہی ہیں : وزیراعظم

277

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مخصوص ٹولے نے 9 مئی کو ملک کی جڑیں ہلانے کی کوشش کی اور ملکی اداروں پر حملے کیے۔ آج وہ نئے ہتھکنڈوں سے نئی وارداتیں کررہے ہیں ۔ 

وزیراعظم شہبازشریف کا کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا پاکستان تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ سے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان کے خلاف باتیں کی جا رہی ہیں، کبھی ایسا دل خراش منظر نہیں دیکھا، کسی صورت ایسا اقدام برداشت نہیں کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے، معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جانا ناقابل قبول ہے، خطے میں امن ہو گا تو ترقی اور خوشحالی آئے گی، دہشت گردی کی یہ لہر قابل افسوس ہے، اس میں کچھ ہمسایہ ممالک کا کردار ہے، ان کو برادرانہ طور پر سمجھایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے بعض سفارتخانوں پر حملے کیے گئے، جرمنی میں حملہ ہوا اور لندن میں بھی ایسے واقعات ہیں، یہ انتہائی افسوسناک واقعات ہیں، اپنے سفارخاتوں کی حفاظت کو یقنی بنانا ہمارا فرض ہے، جس پر دفترخارجہ اور نائب وزیراعظم نے فوری طور پر ایکشن لیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے شہریوں کو حفاظت دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے، مگر ہم چاہتے ہیں کہ معاملہ بات چیت اور امن سے طے ہوجائے کیوں کہ خطے میں امن ہوگا تو ترقی ہوگی۔ 40 سال ان کے لاکھوں بھائی بہنوں کی ہم نے میزبانی کی، کبھی انہیں بوجھ نہیں کہا، اپنا بھائی سمجھا، لیکن آج اس کا یہ بدلہ مل رہا ہے کہ ٹی ٹی پی وہاں سے پاکستان کے معصول شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے، امن کو غارت کررہی ہے، معیشت کو تباہ کرنے پر تل گئی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، فلسطین میں ڈھائے جانے والے مظالم کی کہیں مثال نہیں ملتی، 40 ہزار فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں، اسرائیلی حکومت پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ عالمی عدالت نے بھی فلسطین میں ہونے والے مظالم کو بدترین قرار دیا ، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔