خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران اور سوڈان کے درمیان 8برس سے منقطع سفارتی تعلقات کو بحال کر لیا ۔ 2016 ء کے بعد عبدالعزیز حسن صالح کو ایران میں سوڈان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ ادھر ایرانی سفیر حسان شاہ حسینی نے سوڈانی فوج کے سربراہ عبدالفتاح برہان کو سفارتی اسناد پیش کیں اور دارالحکومت میں ذمے داریاں سنبھال لیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق سوڈان کی فوجی قیادت میں قائم حکومت نے اپنے ہاں پیرا ملٹری فورسز کے ساتھ جاری خانہ جنگی کے دوران بیرونی تعلقات میں بہتری کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کیے ہیں۔ گزشتہ برس چین کی مدد سے سعودی عرب اور ایران نے اپنے منقطع سفارتی تعلقات کو بحال کیا تھا۔ سوڈان اور ایران کے درمیان بھی تعلقات کی بحالی کی کوششیں گزشتہ برس شروع ہوئی تھیں۔