کراچی:پاکستان کا عالمی جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں سفر تمام ہوا۔
جی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی جونیئر ٹیم غیر متوقع طور پر کوارٹر فائنل میں کولمبیا سے شکست کھا کر برانز میڈل سے بھی محروم ہوگئی۔ امریکی شہر ہیوسٹن میں جاری چیمپئن شپ کے مینز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں کولمبیا نے پاکستان کو حیرت انگیز طور پر 1-2 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔
پہلے میچ میں سابق عالمی جونیئر چیمپین اور کپتان حمزہ خان کو غیر متوقع طور پر 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، دوسرے میچ میں عبداللہ نواز نے سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے کامیابی پا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، فیصلہ کن میچ میں محمد عماد 1-3 سے مات کھا گئے۔سیمی فائنل میں رسائی کی صورت میں پاکستان برانز میڈل کا حقدار بن سکتا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے چیمپئن شپ کے گروپ میچز میں جرمنی اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کے بعد پری کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم کو بھی ناکامی سے ہمکنار کیا تھا۔