کراچی: بجلی کی طویل‘ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شہریوں کے صبرکا پیمانہ لبریز

101

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شہریوں کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ غریب آباد اور کورنگی میں مشتعل شہری سڑکوں پر نکل آئے،مظاہرین نے کے الیکٹر ک دفتر کاگھیرائو کرلیا ۔ اطراف کی تما م چھوٹی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دیں۔گزشتہ شب بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلا ف مظاہرین میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی بھی تھی۔ مظاہرین نے کے الیکٹرک اور حکومت کے خلاف نعرے بازی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے کے باعث غریب آباد، سائٹ صنعتی ایریا اور حسن اسکوائر کی دونوں ٹریکس پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، یہ احتجاج رات گئے تک جاری تھا۔ ادھر کورنگی میں بھی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر مشتعل شہریوں نے21 ہزار روڈ ٹریفک کے لیے بند کردی، لانڈھی کی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک مکمل طور پر بند کرکے شہریوں نے کے الیکٹرک کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا اور اس کا گھیرائو کرلیا، مشتعل مظاہرین نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں اور ٹائر بھی نذر آتش کیے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، افسران کی بار بار کی یقین دہانیوں سے تنگ آکر مجبوراً گرمی میں سڑک پر بیٹھے ہیں، جب تک علاقے کو بجلی کی فراہمی نہیں کی جاتی احتجاج جاری رہے گا۔ بعد ازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کی اور پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے اور پولیس نے سڑک پر ٹریفک بحال کرادیا۔