اسلام آباد (اے پی پی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی،چین سے تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہفتہ کو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت دورہ چین میں ہوئے معاہدوں پر پیش رفت اور پاک چین تعاون کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ چین سے تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا، چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ چینی اعلیٰ قیادت پاکستان میں
سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے لیے پر عزم ہے،پاکستان میں چینی صنعت کی منتقلی سے ملکی معیشت کی بہتری، روزگار کے نئے مواقع اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا جام کمال خان،عبدالعلیم خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزرا احسن اقبال، خواجہ آصف اور رانا تنویر حسین نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں اپنے گزشتہ دور حکومت میں شروع کیے گئے ٹیکنالوجی پارک کے منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا او رپراجیکٹ ٹیم اور وزارت آئی ٹی کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے اقدامات تیز کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی ترقیاتی منصوبوں پر24 گھنٹے کام کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں،پنجاب میں بطور خادمِ اعلیٰ ترقیاتی منصوبوں پر24گھنٹے تعمیراتی کام کرنے کا نظام متعارف کروایا تھا،خوش آئند بات ہے کہ اس منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے لیے اس پر24گھنٹے کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانا ہے تو دن رات محنت کرنا ہوگی،بذاتِ خود ہفتے اور اتوار کی چھٹی کو ترک کر دیا ہے، پاکستان کو ترقی کی منازل طے کروانی ہیں تو سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی۔واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے جدید آئی ٹی پارک کی تعمیر کا منصوبہ تیزی سے پایہ تکمیل کی جانب گامزن ہے ۔ منصوبے کی تعمیر پر25 ارب ڈالر لاگت آئے گی جس کا 70 فیصد سیول دے رہا ہے۔ علاوہ ازیںمیاں شہباز شریف سے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں باصلاحیت خواتین کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، کھیل اور دیگر شعبوں میں خواتین کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔