واشنگٹن‘اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ کانگریسی رکن شیلا جیکسن لی انتقال کر گئیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شیلا جیکسن کی عمر74 برس تھی، انہیں لبلبے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہوں نے سوگواران میں شوہر اور2 بچوں کو چھوڑا ہے۔ حکومت پاکستان نے شیلا جیکسن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان سے نوازا تھا۔ انہوں نے2009 ء میں شہر میں لائٹ سسٹم کی بہتری کے لیے 1 ارب ڈالر کی خطیر رقم کی منظور کروائی تھی۔ علاوہ ازیں صدرزرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شیلا جیکسن کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے ان کا کردار برسوں یاد رکھا جائے گا۔