میرپور: یوتھ ایکشن کمیٹی کی الحاق پاکستان ریلی

127

 

میرپور (آئی این پی) یوتھ ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر کے رہنماؤں راجہ ارشد بلو، راجہ منیب ٹھاکر اور راجہ نصیر موجو کی قیادت میں میرپور کی تاریخ کی سب سے بڑی الحاق پاکستان ریلی نکالی گئی، ریلی کے آغاز سے قبل شہر کے تمام سیکٹرز اور نیو سٹی میرپور سے الحاق پاکستان کی ریلیاں میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں پہنچی جہاں سے بڑی ریلی شروع ہوئی جومیاں محمد روڈ سے وائی کراس اور پھر علامہ اقبال روڈ سے ہوتی ہوئی چوک شہیداں میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں سیکڑوں موٹرسائیکل اور گاڑیاں شریک تھیں، شرکاء ریلی نے گاڑیوں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لگا رکھے تھے، شرکاء ریلی پاکستان زندہ باد آزادکشمیر پائندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے لوگوں نے قیام پاکستان سے قبل پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کر کے مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کر دیا تھا، کشمیری آج بھی پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ آج کی ریلی کا مقصد 19 جولائی 1947 کو منظور کی جانے والی قرار داد الحاق پاکستان کے تناظر میں نئی نسل کو آگاہ کرنا اور پاکستانی و کشمیری عوام کے درمیان ازل سے قائم رشتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔