پیرس اولمپکس، ہاکی کے مداح اپنے ستاروں کو چمکتا دیکھنے کیلئے بے چین ہیں، طیب اکرام

257

کراچی (سید وزیر علی قادری) 33ویں اولمپکس کے آغاز میں محض 6روز باقی ہیں اور ایونٹ کی افتتاحی تقریب کو دیکھنے کے لئے دنیائے کھیل کے متوالے انتظار میں ہیں۔ اس موقع پر عالمی ہاکی کی تنظیم ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے دنیا کی نامور ہاکی کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے مورال کو بڑھانے کے لئے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے جذباتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ جہاں کئی کھیل سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس اس دن کے انتظار میں ہیں ہاکی کے مداح بھی اپنے ستاروں کو چمکتا دیکھنے کے لئے بے چین ہیں ۔ 6روز بعد شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں ہمارے کھلاڑی پر جوش اور ذمے داری نبھانے کے لئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ٹیموں، کھلاڑیوں، آفیشلز، انٹرنیشنل اولمپک، لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے ساتھ رابطوں کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں سوال کا جواب دیتے ہوئے طیب اکرام نے کہا کہ سب سے پہلے اور سب سے اہم بات، میں توقع کرتا ہوں کہ اولمپک جذبہ پورے کھیلوں میں غالب رہے گا۔ آج کی پریشان حال دنیا میں، مجھے یقین ہے کہ کھیل – خاص طور پر اولمپک گیمز جیسے میگا ایونٹس – اخلاق کو نرم کر سکتے ہیں اور لوگوں کو اکٹھا کر سکتے ہیں۔ اولمپک جنگ بندی ایک مضبوط علامت ہے جو لوگوں کو متحد کرتی ہے۔ اور ہاکی کے حوالے سے سچ کہوں تو، میں ایک تہوار کی توقع کر رہا ہوں! کوچنگ کے لیے وقف کوششوں، ہاکی کے تمام ڈھانچے کی پیشہ ورانہ مہارت، کھلاڑیوں کی جسمانی، تکنیکی، حکمت عملی اور ذہنی تیاری کی بدولت ہاکی کا معیار بلند ہوتا رہتا ہے۔ اس سلسلے میں آپ کو صرف آخری2 ورلڈ کپ دیکھنا ہوں گے – ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ، ایف آئی ایچ ہاکی نیشنز کپ اور آئی ایچ ایف ہاکی جونیئر ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد اور اس سے نکلنے والے نئے چہرے یقینا اپنے جوہر دکھا کر آگے کی ترقی کے دروازو کو دستک دینگے۔