کوئٹہ/کراچی(اے پی پی)گوادر کرکٹ اکیڈمی تاریخی دورے پر کراچی پہنچ گئی۔ بلوچستان میں تاریخ کی پہلی پروفیشنل کرکٹ اکیڈمی (گوادر کرکٹ اکیڈمی )کی باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل18 رکنی ٹیم حنیف حسین کی سر پرستی میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے تاریخی دورے پر گوادرسے گزشتہ روز صبح بذریعہ بس روانہ ہوئی اور12گھنٹے کی طویل مسافت طے کرنے کے بعد گزشتہ شام کوکراچی پہنچ گئی ۔گوادر کرکٹ اکیڈمی آج اپنا پہلا میچ سرفرازاحمد کرکٹ اکیڈمی سے کھیلے گی۔گوادر کرکٹ اکیڈمی کے نوجوان کھلاڑی پہلی مرتبہ کراچی کی سر زمین پر میچ کھیلیں گے۔پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک )کے مرکز گوادر کے نوجوان کھلاڑی دوسرے میچ میں آغا خان جمخانہ کے مدمقابل ہوں گے۔منگل اور بدھ کے روز گوادر کا ینگ ٹیلنٹ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے گا ، ان کا سامنا یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی کے منجھے ہوئے کھلاڑیوں سے ہوگا۔جمعرات کومعین خان کرکٹ اکیڈمی سے میچ کھیلنے والی گوادر کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم جمعہ کو راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی کے مدمقابل ہوگی ۔ گوادر کرکٹ اکیڈمی اپنا آخری میچ لانڈھی جمخانہ کے خلاف کھیلے گی ۔گوادر کرکٹ اکیڈمی کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے تاریخ ساز دورہ کراچی ممکن بنانے میں گوادر کرکٹ اکیڈمی کے چیئرمین عبدالحمید رشیداوربانی صدر انجینئرحاجی حنیف حسین نے اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر انجینئرحاجی حنیف حسین کا کہنا تھا کہ بلوچستان بالخصوص ضلع گوادر میں کرکٹ کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ہم عبدالحمید رشیدجیسے اسپورٹس لورز اور پاک سر زمین سے بے پناہ محبت کرنے والی شخصیت کی قیادت میں اس ٹیلنٹ کو نکھارکر صوبائی اور قومی سطح پر متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں ، کراچی کا تاریخ ساز دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے،گوادر کرکٹ اکیڈمی گوادرنوجوانوں کیلئے اپنی صلاحیتوں کونکھار کر صوبائی اور قومی سطح پر اپنی خداداد صلاحیتوں کو منوانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے ، میں امید کرتا ہوں کہ نوجوان کھلاڑی دورہ کراچی میں مضبوط ٹیموں سے میچز کھیل کر بہت کچھ سیکھیں گے جو مستقبل میں انہیں ایک بہترین کھلاڑی بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔