سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نئے ٹیکسز کے نفاذ سے ملکی معیشت کو سخت دھچکا لگا ہے، نئے ٹیکس لگانے سے پیسے مل جائیں گے لیکن معیشت مستحکم نہیں ہوگی۔ملکی معیشت کی تباہی دو ہزار اٹھارہ میں لگنے والے 35 پنکچر کے بعد شروع ھوئی، جس کے بعد معاشی صورتحال خراب ہوئی. غیر یقینی صورتحال کے باعث مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، نگراں حکومت نے بہت سے ایسے فیصلے کیے جس سے معیشت کو نقصان پہنچا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سید خورشید احمد شاہ سکھر چیمبر آف کامرس کے صدر اور ایف پی سی سی سندھ کے نائب صدر بلال وقار خان کی دعوت پر سکھر چیمبر آف کامرس پہنچنے۔ایوان کے ممبران و اراکین اور سید خورشید احمد شاہ کے درمیان ملکی معاشی صورتحال اور شہری مسائل پر طویل تبادلہ خیالات کیا گیا ،خورشید شاہ نے مذید کہا کہ اب تو سوچنا بھی مشکل ہوگیا ہے کہ اس کو کس طرح بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم پاکستان ہوگا تو ہم اور سیاسی جماعتیں ہوں گی۔