کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد ملک میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 9 ہو گئی۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ضلع ژوب کی یو سی حسن زئی اربن ٹو سے ڈیڑھ سالہ بچے کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ بچے میں معذوری کی علامات 28 جون کو ظاہر ہوئی تھیں، تاہم وائرس کی جینیاتی طور پر جانچ کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد کے مطابق پولیو وائرس کے کیسز کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سب سے زیادہ 7 کیسز صرف بلوچستان میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں پولیو کی واپسی تشویش کا باعث ہے جب کہ 50 سے زائد اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی بچوں کے لیے مسلسل خطرہ ہے۔