بدین: کراچی پولیس کی جانب سے خاتون قتل، سموں برادری سراپا احتجاج

54

بدین (نمائندہ جسارت) 15 روز قبل سسی ٹول پلازہ کے قریب گلشن حدید پولیس کی کار پر فائرنگ سے کار میں سوار شہید ہونے والی خاتون ساراں سموں کی ہلاکت کے خلاف سموں اتحاد سندھ کی جانب سے بدین پریس کلب پر ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سموں برادری کے علاوہ دیگر سیاسی سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سموں اتحاد سندھ کے رہنماؤں شاہ نواز زرگر سموں، آزاد سموں، محمد عمر سموں، علی نواز سموں، عبدالرسول سموں نے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی نائب صدر ایڈووکیٹ امیر آزاد پھنور کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 4 جولائی کو کراچی کے اسپتال میں زیر علاج مریضہ ساراں سموں صحتیابی کے بعد واپس گھر آرہے تھے کہ گلشن حدید پولیس کے ایس ایچ او آغا رشید اور ان کے ہمراہ موجود پولیس ٹیم نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار سموں برادری کے معزز یعقوب سموں کی بہن ساراں سموں اور غنوی سموں شدید زخمی ہو گئی اور ساراں سموں زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ سموں برادری اور دیگر سیاسی سماجی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی عدم دلچسپی اور غفلت جبکہ سندھ پولیس کی عوام دشمنی کے باعث بے گناہ خاتون کا قتل ہو گیا اور ایک خاتون زخمی اور زیر علاج ہے لیکن متاثرین کو انصاف نہیں رہا، احتجاج اپیلوں اور شکایات کے باوجود قتل کے ذمہ دار ایس ایچ او آغا رشید اور ان کی پولیس پارٹی کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی جا رہی۔