خواتین کو ترقی دلانے کیلیے کوششیں کر رہے ہیں، رشید زرداری

136

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) محکمہ ترقی و نسواں حکومت سندھ کے سیکرٹری رشید احمد زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی ہی سے معاشرہ ترقی کرتا ہے، اس لیے محکمہ سندھ خواتین کو ترقی دلانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اس حوالے سے تشدد، سماجی اور ذہنی مسائل سے پریشان خواتین کی مدد کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران محکمے کا چھرا ہوتے ہیں اور ان کی لگن اور محنت محکمے کی امیج کو بہت بناتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے وومین کمپلینٹ سیل، وومین ڈولپمنٹ ڈپارٹمنٹ ایس آر ٹی سی کالونی کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے انچارج وومین کمپلینٹ سیل سیدہ قرۃ العین شاہ کی خواتین کے حقوق کے لیے کی گئی کاوشوں کو سراہا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ دفتر کے مسائل جیسا کہ عملے کی کمی و دیگر مسائل کو بھی حل کریں گے تاکہ محکمہ مزید موثر انداز میں کام کرے۔ سیکرٹری نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کے دفتر کے دورے کر کے کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں گے۔ اس موقع پر انچارج وومین کمپلینٹ سیل سیدہ قرۃ العین شاہ نے سیکرٹری کو نئے دفتر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔