پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ قبول نہیں،صدر کاٹی

231

کراچی (کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جوہر قندھاری نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اوگر انے پیٹرول کی قیمت میں 9.99روپے لیٹر اور نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 170 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا جس کے باعث 100 سے زائد صنعتیں بند ہو چکی ہیں۔ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی آسمان سے باتیں کرنے لگے گی اور صنعتوں کی بندش کے باعث بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ صدر کاٹی نے کہا کہ حالیہ اقدامات کے باعث برآمدات 19 ارب ڈالر سے کم ہوکر 16 ارب ڈالر رہ گئی ہیں۔ اگر بجلی کی قیمتوں میں آئے روز ایسے ہی اضافہ جاری رہا تو خدشہ ہے کہ برآمدات میں خطرناک حد تک کمی ہوگی جو معیشت کیلئے انتہائی نقصاندہ ہے۔ اسی طرح پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے مہنگائی پھر قابو سے باہر ہو جائے گی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگاجبکہ معیشت پھر بحرانی کیفیت میں چلی جائے گی۔ جوہر قندھاری نے کہا کہ وزیر اعظم نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں ریلیف کا اعلان کیا تھا لیکن حکومتی اقدامات سے اس کے فوائد زائل ہوگئیہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے منفی اقدامات کے باعث معاشی نمو کا ہدف حاصل کرنا مشکل نظر آرہا ہے جس سے خدشہ ہے کہ نہ صرف برآمدات میں کمی ہوگی بلکہ آمدن بھی متاثر ہوگی۔