برآمدات پر سمجھوتہ کرکے آئی ایم ایف کو خوش کرنا بندکیا جائے، افتخار شیخ

236

کرا چی (کامرس رپور ٹر)برآمد کنندگان، صنعتکار، چھوٹے تاجر، تنخواہ دار طبقہ، یومیہ اجرت والے اور بہت سے دوسرے طبقات کو سخت ٹیکسیشن اقدامات، ایف بی آر کو دیے گئے بے لگام صوابدیدی اختیارات اور ناقابل برداشت حد تک توانائی نرخوں کی وجہ سے مسلسل شدید مشکلات کو مددنظر رکھتے ہوئے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر افتخار احمد شیخ نے حکومت سے پرزور اپیل کی کہ ٹیکس کے تمام انتہائی غیر منصفانہ اقدامات پر نظرثانی کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی و گیس نرخوں میں نمایاں کمی کی جائے جن کی وجہ سے چھوٹے کاروباری اداروں اور صنعتوں کی بندش، ملازمین کی چھانٹی اور برآمدات میں کمی کے علاوہ ایسی صورتحال پیدا ہوچکی ہے جس میں بڑی تعداد میں چھوٹے تاجر اور صنعتیں دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں۔جمعہ کو جاری ایک بیان میں افتخار شیخ نے خبردار کیا کہ ملک کی موجودہ تشویشناک صورتحال جنگی بنیادوں پرریلیف اقدامات کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ صنعت کا پہییہ گھومتا رہے بصورت دیگر ہمارا پیارا ملک جو پہلے ہی معاشی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے وہ بدنظمی کے اندھیروں میں ڈوب جائے گا کیونکہ خالی پیٹ معاشرے کے بے روزگار اور غریب طبقے کے پاس سڑکوں پر نکلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا جو حکومت کے لیے بہت سے دیگر مسائل اور بے لگام چیلنجز کو جنم دے گا۔