عدالت عظمیٰ کا فیصلہ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

69

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہے‘ ججز نے آئین کو ری رائٹ کیا‘ پی ٹی آئی کو وہ دیا گیا جو مانگا ہی نہیں گیا تھا‘ ملک میں انتشار پھیلانے والوں کو معصوم اور بے گناہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے‘ ملک کی تباہی کا ذمہ دار اور آئی ایم ایف کو واپس لانے والا اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا ہے‘ ملک جب بہتری کی جانب گامزن ہوتا ہے تو کسی نہ کسی کو تکلیف شروع ہوجاتی ہے‘ اگر کسی نے سیاسی عدم استحکام لانے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بھر میں ماڈل بازار فری ہوم ڈلیوری پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مہنگائی ایک بار جب ہوجاتی ہے تو اسے ختم کرنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو عام لوگوں کے لیے کھانے پینے کی چیزوں میں کمی ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو ہم پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سولر منصوبہ پنجاب میں لارہے ہیں، جو 0 سے 200 یونٹ تک کے صارفین کو پہلے بھی بجلی سبسڈائز قیمت پر مل رہی ہے، ان کو سولر دینے لگے ہیں اور 200 سے 500 یونٹ تک والے صارفین کو پورا سولر سسٹم دیں گے جس سے ان کے بجلی کے بلوں میں50 فیصد کمی ہوگی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ جہاں پنجاب شروع ہوتا ہے اور خیبرپختونخوا شروع ہوتا ہے، وہاں ترقی ختم ہوتی ہے اور تنزلی شروع ہوتی ہے، ان لوگوں نے 11 سال میں خیبرپختونخوا کا جو حال کردیا ہے وہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے، انہوں نے اس دوران ایک سڑک بھی نہیں بنائی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ایک جماعت کا کام فتنہ اور انتشار پھیلانا ہے، لڑائی جھگڑا کرنا ہے، گالم گلوچ کرنا ہے، پتہ نہیں وہ کہاں سے لانچ ہوئے ہیں، اور کہاں سے انہیں پیسہ آتا ہے، وہ کبھی ملک کے لیے بات نہیں کریں گے، ہمیشہ گالم گلوچ کریں گے اور آج انہیں معصوم اور بے گناہ بناکر پیش کیا جا رہا ہے۔