وزیرستان اور مردان میں دہشت گردی ، اہلکار سمیت 5 شہید

115

وانا /مردان(صباح نیوز)جنوبی وزیرستان اور مردان می ںدہشت گردی کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت5افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وانا بازار امن چوک میں گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق اور 2زخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میںامن چوک میں سٹی ہسپتا ل کے قریب دھماکا ہوا ، جس میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی ہونے والے افراد کو ٹی ایچ کیواسپتال منتقل کردیا گیا،ہسپتا ذرائع کی جانب سے ملنے والی ابتدائی اطلاعات میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی،جاں بحق ہونیوالوں میں دوراہگیر بھی شامل ہیں ، دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور اس میں سابقہ امن کمیٹی کے رکن عین اللہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا گیا، تاہم وہ محفوظ رہے۔ادھر مردان میں پولیس چوکی پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور2 زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا افسوسناک واقعہ مردان کی تحصیل تخت بھائی آثار قدیمہ میں واقع پولیس چوکی پر پیش آیا، جہاں شرپسندوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار عمر نبی شہید ہوگیا جبکہ2اہلکار کانسٹیبل محمد فیاض اور شبیر شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو کے مطابق لاش اور زخمی اہلکاروں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کرعلاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔