گجرات فورسز کااسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کی گرفتاری کادعویٰ

126

لاہور ، گجرات (صباح نیوز)محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب اور حساس اداروں نے گجرات میں مشترکہ آپریشن کے دوران القاعدہ کے مقتول رہنما اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی ڈاکٹر امین الحق کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق دہشت گرد امین الحق القاعدہ کا سرکردہ جنگجو ہے جسے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا۔ترجمان کا بتانا ہے کہ دہشت گرد امین الحق کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ گرفتاری کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)سی ٹی ڈی عثمان اکرم گوندل نے پریس کانفرنس کے دوران گرفتاری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اہم کامیابی قرار دے دیا۔انہوں نے بتایا کہ ہائی پروفائل دہشت گرد جعلی دستاویزات پر پاکستان میں مقیم تھا، گرفتار دہشت گرد کا تعلق افغانستان سے ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم کا کمانڈر اسامہ بن لادن کا چیف سکیورٹی افسر بھی رہا۔ گرفتار ملزم عالمی سطح پر بڑا دہشت گرد تھا۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے مزید کہا کہ ملزم سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار ہوا، اس وقت ملک میں دہشتگردی کی لہر ہے۔اس حوالے سے اہم کامیابی ہے۔ڈی آئی جی عثمان اکرم نے کہا کہ دہشت گرد 2007 میں گرفتار ہوا تھا اور 4 سال سزا کاٹی تھی، دشمن ملک کی ایجنسی نے اس پر بہت پروپیگنڈا کیا تھا، یہ دہشت گرد اگست 2021 سے افغانستان میں دکھائی دیا تھا جو حال ہی میں پاکستان داخل ہوا، اس سطح کا دہشتگرد پاکستان میں کیا کر رہا تھا تفتیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دہشت گرد کے پاس پاکستان کا آئی ڈی کارڈ بھی ہے، اس دہشتگرد کے شناختی کارڈ پر لاہور اور ہری پور کے ایڈریس درج ہیں، یہ پاکستان میں کیسے آیا اور کس آئی ڈی سے ٹریول کیا، تفتیش کر رہے ہیں۔ڈی آئی جی عثمان اکرم نے کہا کہ جو کیس اس دہشت گرد پر رجسٹرڈ کیا گیا ہے وہ سزا اس کو بھگتنی پڑے گی۔