پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی پر ممکنہ پابندی کے خلاف اور عمران خان کی رہائی کی قراردادیں منظور کرلی گئیں۔ صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرصدارت ہوا، جس میں وزیر قانون آفتاب عالم کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمرن خان کی رہائی سے متعلق قرارداد پیش کی گئی، جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی رہائی سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی نے ایک رپورٹ پیش کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں کے کیسز قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام متحدہ رپورٹ کے تناظر میں بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔ بعدازاں خیبر پختونخوا اسمبلی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق قراداد منظور کرلی گئی۔ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے تحریک انصاف پر ممکنہ پابندی سے متعلق قرار داد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے حالیہ فیصلے نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور پی ٹی آئی کو بہ لحاظ حجم مخصوص نشستیں دی جائیں‘ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے باوجود وفاقی کابینہ پی ٹی آئی پر پابندی کا بیانیہ بنا رہی ہے‘اگر پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جاتی ہے تو یہ آئین کے آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہوگی‘ تحریک انصاف آئین کے ساتھ کھڑی ہے‘ پابندی لگنے کی صورت میں عدالتی اور عوامی سطح پر فیصلے کے خلاف جائے گی۔بعد ازاں صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف پرپابندی سے متعلق قرارداد منظور کرلی گئی۔
قراردادیں منظور