اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت اپنی سر زمین سے دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کریں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ حافظ گل بہادر گروپ نے افغانستان میں پناہ لی ہوئی ہے اور وہ پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بنوں حملے پر افغانستان کے ساتھ شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، حافظ گل بہادر گروپ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، افغانستان سے ان تنظیموں کے خلاف سخت اور موثر کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیاں دو طرفہ تعلقات اور پاکستان کے استحکام کے لیے خطرہ ہے، افغانستان کی سرزمین کا دہشتگردی کے لیے استعمال عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ دہشت گرد گروپس اور حملہ آوروں کے خلاف انٹیلیجنس شئیر کی ہے، ہم گزشتہ کہی ماہ سے افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مسقط میں دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہیں، پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے عمان میں افغانستان کے ملوث ہونے کے ان کے پاس کوئی شواہد نہیں، ہم عمان حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تحقیقات میں پاکستان کی معاونت کی پیشکش کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے امریکی تحفظات قابل قبول نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے امریکی تحفظات پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہیں۔