توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کا گرفتاری کیخلاف عدالت سے رجوع

143

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چودھری کے ذریعے درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سیاسی انتقام کے لیے جعلی مقدمات میں بغیر جواز گرفتار کیا گیا، سیاسی مخالف وفاقی اور پنجاب حکومت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو زیر حراست رکھنا چاہتے ہیں۔ دونوں ملزمان کو طلبی کے نوٹسز کے خلاف درخواستیں زیر سماعت ہونے کے دوران گرفتار کیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست زیر سماعت ہونے کے دوران گرفتاری بدنیتی کا ثبوت ہے۔ درخواست گزاروں کے مطابق سیاسی مخالفین نیب کو مسلسل سیاسی انتقام کے لیے استعمال کر رہے ہیں، اعلیٰ عدالتیں اپنے فیصلوں میں زور دے چکی ہیں کہ محض مقدمہ درج ہونے پر گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ استدعا کی گئی کہ گرفتاری غیر قانونی ہے رہا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں، آئندہ کسی بھی مقدمے میں گرفتاری ہائیکورٹ کے احکامات سے مشروط کی جائے۔