ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)مکلی ہیڈ کوارٹر کے تین بڑے علاقوں میں ٹرانسفارمرز جل جانے کے باعث ایک ماہ سے بجلی بند چوبیس گھنٹوں کے اندر خواتین مرد حضرات سمیت 16 سے زائد افراد بے ہوش مجالس بھی اندھیرے میں جاری حیسکو کے پاس ایمرجنسی ٹرانسفارمر بھی موجود نہیں۔ٹھٹھہ ضلع کے ہیڈ کوارٹر کے علاقے مکلی پوسٹ آفس ایریا میں ایک ماہ قبل ٹرانسفارمر جل جانے کی وجہ سے عوام بجلی سے محروم ہیں جبکہ اسی ایریا میں ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ٹھٹھہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اور اے سی گہوڑا باری کے سرکاری بنگلوز بھی موجود ہیں اس کے علاوہ مکلی کالونی اور حیدری چوک کے بھی ٹرانسفارمر ایک ہفتے قبل جل گئے تھے تینوں ایریاز کے لوگ سخت مشکلات سے دو چار ہیں محرم کے مہینے میں ہزاروں لوگ بجلی سے محروم ہوگئے ہیں مجالس بھی ان ایریاز میں اندھیرے میں ہورہی ہیں مگر حیرت کی بات یہ ہے کہ حیسکو کے پاس کوئی بھی ایمرجنسی ٹرانسفارمر موجود نہیں سخت گرمی اور حبس کی وجہ سے سماجی کارکن نسرین باقر سمیت سولہ سے زائد افراد چوبیس گھنٹوں میں بے ہوش ہوگئے ہیں اور کئی بچے بوڑہے خواتین ڈائیریا ملیریا کی بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں۔