کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان رومانیہ بزنس کونسل (پی آر بی سی) اور رومانیہ کے سفارتخانے نے دوطرفہ تعلقات بڑھانے اورمضبوط کرنے کی جانب قدم بڑھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رومانیہ بزنس کونسل اور اسلامی جمہوریہ پاکستان میں رومانیہ کے سفارتخانے نے اقتصادی تعاون اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لئے ایک پروٹوکول معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔ یہ معاہدہ 2011 سے دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے میں پی آر بی سی کی شاندار خدمات کو تسلیم کرتا ہے اورپی آر بی سی کے شمالی چیپٹر کی تشکیل کے ذریعے حالیہ توسیع کو تسلیم کرتا ہے، جس کی صدارت احمد اکرام لون کر رہے ہیں۔ عاطف فاروقی، جنہوں نے پاکستان اور رومانیہ کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے 24 سال کا عزم دکھایا ہے، کوپی آر بی سی اور رومانیہ کے سفارتخانے کے درمیان واحد رابطے کا ذریعہ مقرر کیا گیا ہے۔ ناظم الامور، سفارتخانہ رومانیہ ایڈوارڈ پریڈا اور چیئرمین پاکستان رومانیہ بزنس کونسل (پی آر بی سی) سہیل شمیم فیرپو نے اسلام آباد میں رومانیہ کے سفارتخانے میں منعقدہ ایک تقریب میں پروٹوکول پر دستخط کئے۔چیئرمین پی آر بی سی سہیل شمیم فیرپو نے اس موقع پر کہا کہ یہ معاہدہ ہماری شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے، جو ہمارے ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارت اور اقتصادی تعاون کی راہ ہموار کرتا ہے۔