پاکستان کو ٹیکنالوجی کو ترقی دینے کی ضرورت ہے، میاں کاشف

99

لاہور (کامرس ڈیسک) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کو ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ منگل کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی، تعلیم، صحت، زراعت کے شعبوں میں مسائل کا سامنا ہے، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان شعبوں کو یکسر جدید اور ان میں کارکردگی، رسائی اور خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف توانائی کی دائمی قلت کو دور کیا جا سکتا ہے بلکہ فوسل فیول پر انحصار کم بھی کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شمسی، ہوا اور پن بجلی میں سرمایہ کاری کر کے پائیدار اور ماحول دوست توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کاشتکاری کی درست تکنیک، انٹرنیٹ پر مبنی آلات اور ڈیٹا اینالیٹکس سے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ، وسائل کا بہتر استعمال اور کیڑوں و بیماریوں کا تدارک ممکن ہے۔