کراچی میں پارہ 40 ، ہیٹ انڈیکس 56 ڈگری تک پہنچ گیا، شہری گرمی سے بے حال

274

کراچی: شہر قائد میں بدھ کے روز پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا، اس دوران شہری شدید گرمی اور حبس سے بے حال ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں کل شام تک سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز سے گرمی کی شدت میں معمولی کمی آنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بدھ کے روز بہت شدید گرمی رہی اس دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب بھی بہت زیادہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب دن بھر 50 فیصد تک صبح سے چل رہا ہے اور یوں درجہ حرارت نمی کا تناسب ملا کر ہیٹ انڈیکس 56 ڈگری بن جاتا ہے اور یہ صورت حال خطرناک ہوسکتی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ جو براہ راست دھوپ میں کام کرتے ہیں یا زیادہ تر باہر رہتے ہیں، انہیں موسم کی شدت سے بچنے کی ہرممکن کوشش کرنی چاہیے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعرات اور جمعہ کے روز کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے اور کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔