لاڑکانہ،90 دن کیلئے نہروں میں نہانے پر پابندی

147

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن غلام مصطفی پھل نے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے رائس کینال، گہاڑ واہ اور دادو کینال میں لوگوں کے ڈوبنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائس کینال، گہاڑ واہ اور دادو کینال میں نہانے کو نہ روکا گیا تو لوگوں کے ڈوبنے کے حادثات پر قابو نہیں پایا جا سکتا جو انسانی جانوں کے لیے باعث تشویش ہے اور ان میں بہت سے نئے تیرنے والے لوگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 (3) سی آر پی سی 1898 کے تحت ضلع لاڑکانہ میں رائس کینال، گہاڑ واہ اور دادو کینال میں نہانے پر 90 دن کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو سیکشن 195 آئی اے، سی آر پی سی کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے، کہ جاری کردہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 188 پی پی سی 1860 کے تحت سیکشن 144 سی آر پی سی 1898 کے خلاف ورزی کی شکایت درج کی جائے گی۔ تاہم متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور مختار کار کو بھی اس حکم پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔