سکھر: ضریح اقدس کو پرسہ دینے کی کوشش، درجنوں عزادار بے ہوش

208

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی میں ساڑھے 500 سالہ قدیمی تعزیہ کربلا معلی (نقشہ نوڈھال) ضریح اقدس نومحرم کی صبح سورج کی روشنی پھیلنے سے قبل روہڑی میدان کربلا معلی شاہ عراق امام بارگاہ سے برآمد ہوا، ضریح اقدس کو پرسہ دینے کی کوشش میں درجنوں عزاداران حسین بے ہوش ہوگئے، پولیس کے مطابق پرسہ دینے کی کوشش میں 200 سے زائد عزادار زخمی ہوگئے، شدید زخمی عزادراروں کو روہڑی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس موقع پر روہڑی شہر کو حساس قرار دیتے ہوئے قدیمی تعزیہ کربلا معلی کے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس کی گزرگاہوں اور شریک مومنین اور عزاداروں کی جان ومال کی حفاظت کے لیے سکھر پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ضلع پولیس کی جانب سے ماتمی جلوس کی گزرگاہوں کوجانے والے تمام داخلی راستوں کوخاردارتاریں اوررکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا، جلوس سے متصل تمام چھوٹے بڑے راستوں کو مکمل طور پرسیل کر دیے گئے تھے، ماتمی جلوس کے لیے ایک داخلی اورخارجی راستہ بنایا گیا جبکہ 3 سے زائد چیکنگ پوائنٹس سے عزاداروں کو مکمل جامعہ تلاشی کے بعد گزارا گیا، خواتین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا۔ اس موقع پر 2000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار 200 رینجرز آفیشل، فوج کی 3 کمپنیز اسٹینڈ بائے پررہیں۔