سپین نے انگلینڈ کو2-1 سے شکست دیکر ریکارڈ چوتھی مرتبہ یورو کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا۔ برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں 65,600 تماشائیوں کی موجودگی میں اسپین کے ونگر نکولس ولیمس نے47 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی ۔انگلینڈ کے کول پارمر نے 73 ویں منٹ میں گول کرکے اسکور برابر کردیا ۔86 ویں منٹ میں لیفٹ ونگر مائیکل اویار زبال نے فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کو چوتھی مرتبہ یورو کپ جیتا دیا۔ اس سے پہلے کسی اورٹیم نے 4 مرتبہ یورو کپ نہیں جیتا تھا۔ اسپین کی جیت کے بعد انگلینڈ کا یورو کپ جیتنے کا انتظار مزیز بڑھ گیا۔ اس نے 4 سال پہلے پہلی مرتبہ فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا مگر اپنے گھر پر اسے اٹلی نے پنالٹی ککز پر3-2 سے شکست دی تھی۔ یہ فائنل میچ مقررہ وقت اور فاضل وقت کے بعد ایک، ایک سے برابر تھا۔
پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کے خلاف2–1 سے کامیابی کے بعد 5ویں مرتبہ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ۔اس نے5 میں سے 4 مرتبہ جیت حاصل کی جبکہ ایک مرتبہ اسے شکست ہوئی ۔ اسپین نے تمام میچوں میں کامیابی کے بعد یورو کپ جیتا ۔
اسپین نے یورو کپ میں پہلی مرتبہ فائنل میں داخلہ1964 میں اپنے گھر پر ہوئے ٹورنامنٹ میں حاصل کیا تھا۔ اس نے میڈریڈ میں ہوئے فائنل میں سوویت یونین کو 2–1 سے شکست دیکر ٹائٹل جیتا تھا۔1984 میں فرانس میں ہوئے یورو کپ میں اس نے دوسری مرتبہ فائنل میں داخل ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ پیرس میں ہوئے فائنل میں اس کو فرانس نے 2–0 سے شکست دی تھی۔2008 میں آسڑیا اور سوئٹزر لینڈ میں مشترکہ طور پر ہوئے ٹورنامنٹ میں اسپین نے ویانا میں ہوئے فائنل میں جرمنی کو1-0 سے شکست دیکر ٹائٹل پر دوسری مرتبہ قبضہ کیا تھا۔ پولینڈ اور یوکرین میں2012 میں ہوئے یورو کپ میں اسپین نے کیوو میں ہوئے فائنل میں اٹلی کو 4–0 سے شکست دی تھی۔ یہ اسکا تیسرا ٹائٹل تھا۔ اس ٹائٹل کے ساتھ اس نے جرمنی کا سب سے زیادہ مرتبہ یورو کپ جیتنے کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔
اسپین کو اس سے پہلے جرمنی کے ساتھ سب سے زیادہ مرتبہ یورو کپ جیتنے کا اعزاز حاصل تھا۔جرمنی نے1972 میں پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتا تھا جبکہ1980 میں وہ دوسری مرتبہ اور1996 میں تیسری مرتبہ یہ اعزاز جیتا تھا۔جرمنی کو سب سے زیادہ مرتبہ یورو کپ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس نے6 مرتبہ فائنل میں ڈاخلہ حاصل کیا ہے۔3 مرتبہ اسے فائنل میں شکست ہوئی ۔ 1976, میں وہ دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچا تھا اور اسے شکست ہوئی تھی۔1992 اور2008 کے فائنل میچوں میں بھی اسے شکست ملی تھی۔
اٹلی نے 4 مرتبہ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جس میں 2 مرتبہ وہ فاتح رہی اور2 مرتبہ اسے شکست ہوئی ۔1968 میں وہ اپنے گھر پر پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی تھی اور ٹائٹل جیتا تھا۔2000 اور2012 میں بھی اس نے فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا مگر دونوں مرتبہ اس کو شکست ہوئی تھی۔ 4 سال پہلے اس نے لندن میں انگلینڈ کو شکست دیکر دوسری مرتبہ یورو کپ جیتا تھا۔
فرانس نے3 مرتبہ یوروکپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا جس میں2 مرتبہ یعنی 1984 اور2000 میں اس نے ٹائٹل جیتا تھا جبکہ2016 میں اپنے گھر پر اسے شکست ہوئی تھی۔
سوویت یونین (1960)، چیکو سلاواکیہ (1976)، پرتگال (2016)، نیدر لینڈس (1988) ، ڈنمارک (1992) اور یونان 2004) ) نے ایک، ایک مرتبہ پورپین چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔