اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) معروف قانون دان اور سینئر سیاسی رہنما چودھری اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن سے اتنی گراوٹ کی توقع تھی، پابندی سے سیاسی پارٹیاں ختم نہیں ہوتیں۔ مختلف ٹی وی انٹرویوز میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6 کوئی بچے کا کھلونا نہیں آرٹیکل 6 بڑا سنگین معاملہ ہے یہ ہر کسی پر نہیں لگایا جا سکتا، آرٹیکل 6 تو الیکشن کمیشن اور حکومت پر لگنا چاہیے، چیف الیکشن کمشنر کو ہتھکڑی لگنی چاہیے، تمام لیگی وزرا بشمول نواز شریف ہارے ہوئے ہیں، اگر فارم 45 کھل گئے تو ان کی موت ہے، ن لیگ اس وقت ڈری ہوئی ہے کیونکہ یہ فارم 47 پر کھڑی ہے، نواز شریف نے عمران خان کا قد 100 فٹ کردیا ہے اور یہ 200 فٹ تک مزید لے کر جائیں گے۔ایک سوال پر اعتزاز احسن نے جواب دیا کہ خصوصی نشستوں کے خلاف نظر ثانی اپیل پر فْل کورٹ بیٹھے گا، فیصلہ کرنے میں سْپریم کورٹ زیادہ دیر نہیں لگائے گی، تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ بھی حکومت نے نہیں کرنا بلکہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے اور فل کورٹ بیٹھے گا جہاں حکومت کو ثبوت پیش کرنے پڑیں گے، یہ کہتے ہیں نومئی ثابت کریں گے، یہ کیسے کریں گے؟ پی ٹی آئی سپریم کورٹ میں آئی جی پنجاب کو طلب کروائے گی پھر سب کچھ سامنے آجائے گا، مسلم لیگ والے جال میں پھنستے جارہے ہیں، عطا تارڑ کی پریس کانفرنس کی ایک یا دو دن بعد لیگی وزرا تردید کررہے ہوں گے۔معروف قانون دان کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے پاس بڑے قابل لوگ ہیں لیکن حیرانی اس بات کی ہے انہیں آخر ہوا کیا ہے، حکومت کو کوئی مس لیڈ کر رہا ہے، ایسا اس لیے کیا جارہا ہے کیوں کہ پی ٹی آئی کا ہر لیڈر کیسز میں بری ہو رہا ہے، ان سے اور کچھ نہیں بنا تو اس طرف چل پڑے ہیں، بہت ہی کوئی بیوقوف ہے کہ جنہوں نے یہ ریفرنس دائر کرنے کا کہا ہے۔