گوادر( آئی این پی ) ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی خصوصی ہدایات اور عوامی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے، اسسٹنٹ کمشنر جواد احمد زہری نے سید ہاشمی ایونیو، ائیرپورٹ روڈ پر واقع عجوہ بیکری پر چھاپہ مارا اور زائد المیعاد اشیاء فروخت کرنے پر 50000 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔عوامی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اس موقع پر جواد احمد زہری نے کہا کہ زائد المیعاد اشیاء کی فروخت عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے، جو زہر فروخت کرنے کے برابر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل سے قیمتی جانیں ضائع ہونے اور مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ انتظامیہ نے خبردار کیا کہ آئندہ ایسی شکایات پر سخت کارروائی کی جائے گی، بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے اور بیکری کو سیل کرنے کے علاوہ مالک کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر عوام نے اسسٹنٹ کمشنر کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس قسم کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ عوام کی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔