ایک ماہ تک ہفتے کے روز بھی کے پی ٹی آپریشنل رہیں گی

407
کے پی ٹی کے چیئرمین سید سیدین رضا زیدی کا تاجروں اور صنعتکاروں کے ہمراہ گروپ فوٹو

کراچی (کامرس رپورٹر)کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے چیئرمین سید سیدین رضا زیدی کی سربراہی میں وزیر اعظم کے شپنگ سیکٹر کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے حالیہ فیصلے کی تعمیل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں تبادلہ خیال اور فیصلے عمل میں لائے گئے باالخصوص زبیر موتی والا کے مطالبے پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ 20 جولائی 2024 سے تمام شپنگ کمپنیاں تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیلیوری آرڈرز (ڈی اوز) کے اجراء کے لیے ایک ماہ کی مدت تک ہر ہفتے کے روز بھی آپریشنل رہیں گی۔ڈلیوری آرڈرز کے اجراء کے لیے شپنگ کمپنیوں کو ہفتہ کو آپریشنل رکھنے کے فیصلے کا ایک ماہ بعد جائزہ لیا جائے گا اور اس میں مزید توسیع کی جا سکتی ہے۔اجلاس میں چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا، سابق صدر کے سی سی آئی محمد ادریس، سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں، سابق نائب صدور ناصر محمود اور یونس سومرو، سرپرست اعلیٰ پاکستان شپ ایجنٹس ایسوسی ایشن محمد راجپر، سینئر وائس چیئرمین آل پاکستان شپنگ ایسو سی ایشن راحیل مونس، چیئرمین کسٹم ایسوسی ایشن مقبول ملک،جنرل سکریٹری کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن محمود الحسن، کے پی ٹی کے جی ایم (او) رئیر ایڈمرل رضوان احمد، کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ پورٹس عمیر شفیق اور کے پی ٹی کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جہاز رانی کے شعبے کے لیے ایک ریگولیٹری اتھارٹی تشکیل دی جانی چاہیے ۔