بھارت: ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو بدترین شکست

151

نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں حکمران اتحاد کو بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے‘ 13 میں سے 10 نشستوں پر اپوزیشن اتحاد کامیاب ہو گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام 13 اسمبلی سیٹوں کے نتائج کا اعلان کر دیا جن پر10 جولائی کو ضمنی انتخابات ہوئے تھے‘ لوک سبھا انتخابات کے بعد ضمنی الیکشن میں اپوزیشن اتحاد کامیاب ہو گیا‘ 7 ریاستوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں 13 میں سے 10 نشستوں پر اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا بلاک کے امیدوار جیت گئے‘ حکمراں جماعت بی جے پی صرف2 نشستیں جیت سکی ہے، جب کہ ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا ہے۔ ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس نے بنگال کے ضمنی انتخابات میں کلین سوئپ کر لیا، تمام 4 سیٹوں (اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں 2،2) پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ عام آدمی پارٹی نے پنجاب میں واحد نشست جیتی، بہار کی روپاؤلی کی سیٹ پر ایک آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ دوسری طرف نریندر مودی کی بی جے پی نے ہماچل پردیش اور مدھیہ پردیش میں ایک ایک سیٹ جیتی ہے۔