موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث فوڈ سیکورٹی کے شدید خدشات لاحق ہیں

321
ولنریبل ٹوینٹی گروپ کے حمزہ احمد مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کر رہے ہیں

کراچی(کامرس رپورٹر)موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں فوڈ سیکورٹی کے شدید خدشات لاحق ہیں اور آئندہ برس ملک میں غذائی قلت کا سامنا ہونے کا خدشہ ہے،پاکستان میں زراعت کے طریقوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ بنانے، بیجوں میں تنوع لانے، زراعت کے تحفظ اور زرعی شعبے میں دیرپا بنیادوں پر ترقی کے لیے ہم نے کلائمٹ ولنریبل فورم (ولنریبل ٹوینٹی گروپ) کے ساتھ باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔یہ بات آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن(پی ایف وی اے) کے پیٹرن انچیف وحید احمد نے ولنریبل ٹوینٹی گروپ کے ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیا حمزہ احمدکے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو میں کہی۔اس موقع پر پی ایف وی اے کے سابق چیئرمین اسلم پکھالی اور عبدالمالک بھی موجود تھے۔مفاہمت کی یادداشت میں تحقیق، اختراع اور صلاحیت میں تیزی لانے کی سرگرمیوں میں مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے جس سے ملک بھر میں پھلوں اور سبزیوں کے کاشتکاروں کے ساتھ تاجروں اور برآمد کنندگان کو بھی فائدہ پہنچے گا۔وحید احمد نے کہا کہ ہم امیر ملک نہیں ہیں کہ ان موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرسکیں، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے اور اس کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔