قومی کرکٹ میں بہتری کے لیے اقدامات ، گیری کرسٹن او ر جیسن گلیسپی سلیکشن کمیٹی میں شامل

387
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

لاہور (اسپورٹس ڈیسک)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈمحسن نقوی کے کرکٹ اور ٹیم کی کارکردگی کی بہتری کے لئے بڑے فیصلے، گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ۔ ہر کھلاڑی کا ہر 3 ماہ بعد فٹنس ٹیسٹ لازمی ہو گا۔کھلاڑی کو لازما ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے طریقہ کار کو سلیکشن کمیٹی حتمی شکل دے گی۔سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم فی الحال کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت ایک سال کے لئے ہو گی اور کنٹریکٹ کے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فنٹس پر ہر سال جائزہ لیا جائے گا۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی مختلف کیٹگریز میں کھلاڑیوں کی شمولیت وضع کردہ طریقہ کارکے تحت ہو گی۔لیگز کھیلنے کے لئے این او سیز کے اجرا کا ٹیکنیکل طریقہ کار طے کیا جائے گا اور طریقہ کار پر پورا اترنیوالے کھلاڑیوں کو این او سیز کا اجرا کیا جائے گا۔فٹنس اور کارکردگی کے معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے گا جبکہ معیار پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑیوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہو گی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہو گی۔ٹیم کے اندر اتحاد اور اتفاق نظر آنا چاہیے۔ گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔گروپنگ پر مینجمنٹ کو سخت ایکشن لینا چاہیے۔ڈسپلن کی پابندی نہ کرنے والے کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ نہیں ہو گی۔ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی کھلاڑی کے بارے میری سفارش بھی نہ مانی جائے ۔انہوں نے ہائی پرفارمنس سینٹرز کی اپ گریڈیشن اور کوچز کی ٹریننگ کا معیار بڑھانے کا پلان طلب کرلیا ۔ چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ اسلام آباد اور پشاور میں بھی ہائی پرفارمنس سینٹرز بنائے جائیں گے۔گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی اس ضمن میں حتمی رپورٹ پیش کریں گے۔چیئرمین پی سی بی نے شاہینز اور انڈر19 ٹیموں کے لئے الگ کوچز رکھنے اور تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کرانے کا مکمل پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے اسکولز کرکٹ کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ سے جامع پلان طلب کر لیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ پچز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے فوری کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ نئے ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری سے بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے۔نئے کھلاڑیوں پر بھرپور سرمایہ کاری کریں گے۔گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی مکمل بااختیار ہیں۔ ان پر پورا اعتماد ہے۔گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو فری ہینڈ دیا ہے ۔ امید ہے کہ دونوں بہترین نتائج دیں گے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت 3 گھنٹے کا طویل اجلاس ہوا۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں منعقدہ اجلاس میں کرکٹ کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں ہائی پرفارمنس سینٹرز کی اپ گریڈیشن اور پاکستانی کوچز کا معیار بڑھانے کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں وائیٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن، ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی،چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر،ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، اسٹنٹ کوچ اظہر محمود، سلیکشن کمیٹی کے اراکین محمد یوسف، اسد شفیق، بلال افضل،ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سنٹرز ندیم خان اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی شریک ہوئے۔