لاہور(نمائندہ جسارت)آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی نے حریت قائدین شیخ محمد یعقوب، محمد شفیع ڈار اور زاہد اشرف کے ساتھ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر ہائوس تا مسجد شہدا ’’الحاق پاکستان ریلی‘‘ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت غاصب ہے اور کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، کشمیر
پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم پاکستان کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کی نمائندگی کی۔ کشمیری برسوں سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم، جور وجفا، جبرواستبداد کی اصل ذمے دار مودی اور اس کے آلہ کار ہیں۔ بھارت کشمیر پر ناجائز تسلط قائم کیے ہوئے ہے اور کشمیریوں سے آزادی سے جینے کا حق چھین رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔غلام محمد صفی نے کہا کہ 19جولائی کو اقبال کے شہر لاہورمیں کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے کے لیے ’’الحاق پاکستان ریلی‘‘ کا انعقاد کریں گے جس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس نے ہمیشہ پاکستان اور بھارت مذاکرات کی مخالفت نہیں کی ہے تاہم اگر کشمیر کے حوالے سے مذاکرات ہوتے ہیں تو کشمیریوں کی نمائندگی بھی ناگزیر ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں رہنے والے ہر شہری کو اپنی مرضی سے جینے کا حق حاصل ہونا چاہیے جس کا واحد حل اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حق خودارادیت پر ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کے دل اہل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ سید علی گیلانیؒ سمیت تمام حریت رہنمائوں نے ہمیشہ پاکستان کی آواز کو تقویت دی ۔