اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ایک مخصوص جماعت کو وہ ریلیف دیا گیا جو مانگا ہی نہیں گیا، کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ بلیک میلنگ سے مقاصد حاصل کرسکتے ہیں،بلیک میل نہیں ہونگے، آرٹیکل 6 ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجیں گے۔بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کو توڑنے کی بات کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔۔
بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ نظرثانی اپیل دائرکریں گے۔دانیال چوہدری نے کہا کہ کبھی انہوں نے سائفر لہرایا اور کبھی لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کیں، ملک کو گالیاں دی گئیں اور جلا، گھیرا کیا گیا، ان لوگوں نے اپنے ہی ملک کے اداروں پر حملے کئے جس کی مثال 9 مئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ کبھی جلا ئوگھیرا ئواور کبھی پاکستان کو بند کرنے کی باتیں کی گئیں، ملک میں نفرت کے بیج بوئے گئے، آج ہم کہتے ہیں نومور، یہ ملک ہمیں زخمی حالت میں ملا تھا، ان کے چارسالہ ادوار میں معیشت پر خنجر گھونپے گئے۔ اگر ان کا ایجنڈا سیاسی ہوتا تو اپنی اسمبلیوں کو ختم نہ کرتے، جب ہم آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہے تھے تو یہ پاکستان کیخلاف نعرے لگا رہے تھے۔
دانیال چوہدری کا ہکنا تھا کہ پی ٹی آئی نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو فروغ دیا، یہ ملک ہے تو ہم ہیں اور ہماری سیاست ہے۔دانیال چودھری کا کہنا تھا کہ تمام پارٹیوں کو آن بورڈ لیکر اہم فیصلے کریں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان، عارف علوی، قاسم سوری نے پاکستان کو کمزور کیا، بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کو توڑنے کی بات کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ نان سٹیٹ ایکٹرز کیخلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے گا، حکومت کسی صورت بلیک میل نہیں ہوگی، آرٹیکل 6 لگانے کا ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجیں گے، ہم نے بار بار چارٹر آف اکانومی کی بات کی، افسوس کہ ہماری وضع داری کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بڑے فیصلوں میں اتحادیوں کو ساتھ لیکرچلیں گے، تمام اتحادیوں کو آن بورڈ لیا جارہا ہے، تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔