کراچی میں کسی طرح کی تجاوزات کی بالکل اجازت نہیں‘ناصرشاہ

142

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر توانائی ،ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ سندھ حکومت کراچی کو تجاوزات سے پاک ، صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنانے میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کراچی شہر کی سڑکوں اور گرین بیلٹ پر تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس میںکیا ، انہوں نے کہاکہ کسی طرح کی تجاوزات کی بالکل اجازت نہیں ہوگی،اگر شہر میں تجاوزات کے خاتمے میں کسی طرح کی کوتاہی کا مظاہر کیا گیا تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ شہر کو خوبصورت اور پْررونق دیکھنا نہیں چاہتے۔کسی بھی فٹ پاتھ، گرین بیلٹ، سروس روڈ پر تجاوزات کی بالکل اجازت نہیں ہوگی۔ ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کچھ نجی دفاتر نے اپنے جنریٹر فٹ پاتھ پر رکھے ہوئے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ شہر کراچی کو پْرکشش بنانے کے متعدد اقدامات کررہے ہیں۔ ناصر شاہ نے مزید کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ میئر اور کمشنر کراچی کو تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے ہدایات دے چکے ہیں ،ڈی سی اور پولیس ان تجاوزات کو ہٹانے میں مکمل تعاون کریں گے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور دیگر ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز سے تجاوزات ہٹانے کے عمل کو تیز کیا جائے گا،تمام پارکنگ پلازا کو فعال بنایاجائے گا۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ غیر قانونی یا سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی،سڑکوں پر ملبہ گرانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایسے بلڈرز کے خلاف کارروائی کرے گی،شہر کو باقاعدہ حکمت عملی کے تحت صاف ستھرا رکھا جائے گا۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہاکہ ٹاؤن اور کنٹونمنٹ بورڈ اپنے دائرہ اختیار کا معاملہ حل کریں،بل بورڈز کے ایم سی کی اجازت کے بغیر نصب نہیں کیے جائیں گے۔