ریاست اور ن لیگ کے خلاف منظم میڈیا مہم کا توڑ کرنا ہوگا، وزیراعظم

57
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں یادگارشہدا پرپھول چڑھا رہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) پارلیمانی پارٹی کے لیڈر اور قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں مجموعی ملکی صورت حال، عوام کو درپیش مسائل اور میڈیا سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت، ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کے بارے میں چلائی جانے والی منظم مہم کا توڑ کرنے اور لوگوں کو حقائق سے آگاہ رکھنے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ(ن) کو بھی میڈیا حکمت عملی زیادہ موثر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں عدم استحکام اور بے یقینی پھیلانے والے عناصر کو بے نقاب کیاجانا چاہیے۔ وزیراعظم نے سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ایوان بالا کو جمہوری اقدار اور باوقار ماحول کے لیے تمام منتخب ایوانوں کی راہنمائی کرنی چاہیے۔