ایشین والی بال چیمپئن شپ میں تمغے جیتنے والی ٹیموں کے اعزاز میں تقریب

258
اسلام آباد: ایشین والی بال چیمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری ندیم ارشاد کیانی تمغہ جیتنے والے ایتھلیٹ کو نقد انعام دے رہے ہیں

اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک):ایشین والی بال چیلنج کپ اور سینٹرل جونیئر والی بال چیمپئن شپ میں تمغے جیتنے والی قومی سینئر اور جونیئر والی بال ٹیموں کو نقدانعامات سے نوازا گیا۔اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی تھے جبکہ تقریب میں پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب، پاکستان ا سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد السلام، سعید اختر سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے وفاقی سیکرٹری ندیم ارشاد کیانی نے کہا کہ وزارت ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے اقدامات کر رہی ہے، ہم جلد اسپورٹس اکانومی پر کانفرنس منعقد کرینگے تاکہ اسپانسرز دیگر کھیلوں کو سپورٹ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف اولمپکس 2028 ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بجٹ مختص ہو تو باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے ٹارگٹڈ پلان مرتب کریں اور تمام فوکس ان پر کیا جائے۔ وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ منی اسٹیڈیمز کو اکیڈمیز میں تبدیل کیا جائے تو کھیلوں کے کلچر کو پروان چڑھایا جائے جبکہ والی بال فیڈریشن کی وزارت ہر ممکن سپورٹ کرنے کے لیے ملک میں ہونے والی والی بال لیگ کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرینگے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے کہا کہ والی بال ٹیم دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہی ہے۔ فیڈریشن نے پورے سال کے لیے جونیئر اورسینئر پلیئرز سمیت کوچز کا پلان مرتب کیا ہے لیکن ہمارے پاس بجٹ محدود ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم جتنے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرے گی اتنے بہتر رزلٹ پاکستان کو ملیں گے، امید ہے کہ وفاقی حکومت اس حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرے گی۔تقریب میں ایشین سینئر والی بال چیلنج کپ میں چاندی اور سینٹرل ایشین جونیئر والی بال چیمپئن شپ میں سونے کے تمغے جیتنے اور ملک کا نام روشن کرنے پر کھلاڑیوں کو نقد انعامات سے نوازا گیا۔