بجلی بلوں کیلیے اسمارٹ میٹرنگ کا نظام متعارف کرایاجائے، وزیراعظم

109
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف گندم سے متعلق بورڈ کی تنظیم نواور پاسکو کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی چوری کی روک تھام کیلیے ملک بھر میں اسمارٹ میٹرنگ نظام متعارف کرانے کیلیے اقدامات کی ہدایت کردی، وزیراعظم نے چاروں صوبوں میں بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو اسمارٹ میٹرنگ کے حوالے سے ماڈل بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن اور بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ شرکا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ شمسی توانائی بجلی پیدا کرنے کا سستا ترین ذریعہ ہے اسی لیے توانائی کے شعبے میں شمسی توانائی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بلوچستان کے بعد پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کسانوں کی خوشحالی کیلیے کام کریں گے۔ وزیراعظم نے صوبوں میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے بجلی چوری کی روک تھام کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے بجلی چوری کے حوالے سے وزارت توانائی کے تعاون پر وزیراعظم کی صوبائی حکومتوں کی تعریف کی اور ملک بھر میں بجلی کی بلوں کے حوالے سے اسمارٹ میٹرنگ کا نظام متعارف کروانے اور اس حوالے سے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔