پنجاب میں سالے کو قتل کرکے کراچی آنے والا سسر کے ہاتھوں مارا گیا

77

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پنجاب میں سالے کو قتل کرکے کراچی آنے والاداماد اپنے سسر کے ہاتھوں مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائو ن تھانے کے علاقے بھینس کالونی پر واقع عظیم ہوٹل کے قریب فائرنگ سے1 شخص جاں بحق جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک خاتون راہگیر بھی زخمی ہوگئی۔ لاش اور زخمی خاتون کوجناح اسپتال منتقل کردیا گیا، مقتول کی شناخت45 سالہ ملک سردار عباس ولد محمد امیر اور زخمی خاتون کی شناخت35 سالہ سکینہ زوجہ محمد جاوید کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن ملک سلیم نے بتایا کہ مقتول کو اس کے سسر بشارت نے اپنے ساتھی کی مدد سے فائرنگ کرکے قتل کیا۔ مقتول نے6 ماہ قبل پنجاب میں اپنے سالے کوقتل کیا تھا اور گرفتار ہوکر راولپنڈی جیل چلا گیا تھا، جس کے بعد عدالت سے ضمانت ملنے پر فیملی سمیت کراچی منتقل ہوگیا تھا ،مقتول3 بچوں کا باپ تھا جو شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی ہے، جس کا آبائی تعلق اٹک تحصیل جھنڈ ہے۔ مقتول کا سسر بشارت اوراس کا ساتھی موقع سے فرارہو گئے، جن کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔