لاہور میں 315 ملی میٹر بارش، 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 7اموات

162

لاہور/اسلام آباد/ کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک /اسٹاف رپورٹر) لاہور میں مون سون کے تیسرے اسپیل میں بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا‘ ایک دن میں لاہور میں 315 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ موسلادھار بارش سے شہر کی سڑکیں تالاب بن گئیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ لاہور کے تاج پورہ میں سب سے زیادہ 315 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ لکشمی چوک، جوہر ٹاؤن، گلشن راوی، ہربنس پورہ، سبزہ زار اور دیگر علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔کینال روڈ پر نہر کا پانی سڑکوں پر بہہ نکلا‘ چائنا اسکیم اور گڑھی شاہو میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ لاہورمیں ہونے والی موسلا دھار بارش سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ مصری شاہ میں چھت گرنے سے میاں بیوی اور بچہ جاں بحق ہوگیا‘ چونگی امرسدھو میں بجلی کا تار پانی میں گرنے کے بعد کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوا۔ ادھر باغبان پورہ میں کھمبے میں کرنٹ آنے سے نوجوان احتشام جاں بحق ہوا، ہنجروال میں بھی 11 سالہ بچہ پانی میں کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔ لاہور کے کینال روڈ پر نہر کا پانی سڑکوں پر آگیا، نہر کے پانی کے ساتھ مچھلیاں بھی سڑکوں پر آگئیں۔ کلمہ چوک انڈرپاس میں ننھی مچھلیوں کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ ایم ڈی واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں اور مون سون کے جوبن کی وجہ سے لاہور بارش کی زد میں آگیا ہے جس سے شہر میں 10گھنٹے میں ریکارڈ توڑ بارش ہوئی‘ شہر بھر کی انتظامیہ اور واسا لاہور کے تمام افسران و اسٹاف نکاسی آب کے لیے مکمل متحرک ہوگئے۔ علاوہ ازیں لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ لاہور میں موسلا دھار بارش سے مال روڈ اورجی او آر کے علاقوں میں متعدد درخت گرگئے جس کے باعث بجلی کے تار بھی ٹوٹ گئے، متعدد بجلی کے پولز ٹوٹنے سے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے تاہم فیلڈ اسٹاف بجلی کا ترسیلی نظام بحال کرنے میں مصروف ہے۔ این ڈی ایم اے نے فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ الرٹ جاری کردیا ، جس میں کہا ہے کہ آئندہ 3 دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ، جس کے باعث اربن و فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش50 سے100 ملی میٹرسے زاید ہو سکتی ہے، بارش مقامی ندی نالوں میں طغیانی،اربن فلڈنگ کاباعث بن سکتی ہے۔ گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، راولپنڈی میں اربن فلڈنگ جبکہ گلیات، کشمیر، کوہستان، مانسہرہ، مری لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں لیسکو کے 177 سے زاید فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق فیڈرز کی ٹرپنگ سے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہو گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش سے لاہور کے 120 فیڈرز سے بجلی سپلائی معطل ہوئی جب کہ قصور سرکل کے 15 فیڈرز سے بجلی سپلائی بند ہو گئی۔ اسی طرح ننکانہ سرکل کے10 فیڈرز سے بجلی معطل ہوئے اور شیخوپورہ سرکل کے 26 فیڈرز بھی بارش کے باعث بند ہو گئے۔ اوکاڑہ سرکل کے 6 فیڈرز سے بجلی سپلائی معطل ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر واسا نے لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں بارش کے پانی کے نکاسی کے ہنگامی اقدامات شروع کردیے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعے کو وقفے وقفے سے بوندا باندی کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، دستگیر،کریم آباد، لیاقت آباد میں بوندا باندی ہوئی۔ خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔